ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے تیار ہوں ، شاہین شاہ آفریدی

لاہور(قیوم زاہد ) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ موڈ بھی اچھا ہے ، فٹنس بھی اچھی ہے اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے تیار ہوں ۔
فاسٹ بولر کی پی سی بی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ہمارا کام قوم کو خوشیاں دینا ہے ۔وہ امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو فاتح دیکھنا چاہتے ہیں۔
شاہین آفریدی نے 50 ویں پی سی بی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسوقت مکمل فٹ ہیں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پوری طرح تیار ہیں ۔ انہیں اچھے نتائج کا یقین ہے۔شاہین آفریدی نے کہا کہ ہم بھی لوگوں کو یہ کہہ کہہ کر تھک گئے ہیں کہ ورلڈ کپ جیتیں گے لیکن انشاء اللہ اس مرتبہ یہ کر کے دکھائیں گے۔
شاہین آفریدی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن سے اپنی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گیری کرسٹن نے ان سے یہ زبردست بات کہی کہ کہ آپ کی شرٹ کے پیچھے جو نام ہے اس کے لیے نہیں کھیلنا بلکہ شرٹ کے آگے سینے پر جو نام ہے اس کے لیے کھیلنا ہے ۔ یہ نہ صرف موجودہ بلکہ آنے والے کرکٹرز کے لیے بھی بہت اہم پیغام ہے۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ اس ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے اور ہمارا کام کرکٹ کھیلنا اور قوم کو خوشیاں دینا ہے۔یہ وقت کسی بحث کا نہیں ہے بلکہ اصل مقصد کے حصول کا ہے۔وہ کوشش کریں گے کہ ٹیم ان سے جو توقعات وابستہ کیے ہوئے ہے اس پر پورا اتریں۔ انہوں نے کہا کہ قوم ہم سے بہت پیار کرتی ہے اور سب لوگ یہی چاہتے ہیں کہ ہم جیتیں۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ 2019 کے عالمی کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف لارڈز پر چھ وکٹوں کی کارکردگی پر انہیں فخر محسوس ہوتا ہے جبکہ 2021کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور پھر 2023 کے ایشیا کپ میں دونوں مرتبہ انڈیا کے خلاف بولنگ ان کے یادگار میچز ہیں۔
شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل میں انجری کے سبب وہ ٹیم کا ساتھ نہ دے پائے جس کا انہیں بے حد افسوس ہے۔ اسی ورلڈ کپ میں زمبابوے کے خلاف شکست بھی ان کے لیے بڑی تکلیف دہ تھی۔
شاہین نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں انجری کے بعد کا وقت بہت مشکل تھا ۔ خاص کر اسوقت جب ٹیم کھیل رہی ہو اور آپ کھیلنے کے قابل نہ ہوں تو زیادہ تکلیف محسوس ہوتی ہے۔
شاہین آفریدی نے اس پوڈکاسٹ انٹرویو میں اپنے کرکٹ کے سفر کے بارے میں بھی دلچسپ گفتگو کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ کم عمری اور کم عرصے میں انہیں پاکستان کی نمائندگی کا موقع مل گیا ۔انہوں نے سابق کپتان سرفراز احمد کے بارے میں کہا کہ انہوں نے ان کی بڑی رہنمائی کی ۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے بڑے بھائی ریاض آفریدی نے جو خود بھی ٹیسٹ کرکٹر رہ چکے ہیں ان کی کوچنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وہ پیار کرنے والے بھائی لیکن سخت کوچ ہیں جبکہ ایک اور بھائی نے انہیں کرکٹر بنوانے کے لیے اپنی کرکٹ چھوڑدی۔
شاہین نے بتایا کہ ان کے والد پولیس میں رہے ہیں اور ایک بم دھماکے میں شدید زخمی ہوگئے تھے اب ایک بڑے بھائی پولیس میں ہیں اس لحاظ سے ہمارا فیملی پس منظر ملک کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More