بٹگرام ،چیئرلفٹ میں پھنسے 8افراد کو بچانے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری

بٹگرام(پاک ترک نیوز) بٹگرام کے علاقے آلائی پاشتو میں چیئرلفٹ میں پھنسے 8افراد کو بچانے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔ ریسکیو آپریشن میں پاک فوج کے جوان اور ہیلی کاپٹر حصہ لے رہے ہیں ۔
چیئرلفٹ دو ہزار میٹر بلندی پر ہوا میں معلق ہے جس میں صبح سے نویں جماعت کے سات بچے اور ایک استاد موجود ہیں۔پاک فوج کے ایس ایس جی کمانڈوز نے ہیلی کاپٹرز کی مدد سے چیئرلفٹ میں دوائیں اور خوراک پہنچادی ۔
اس کیبل کار کے تین تار تھے جن میں سے دو ٹوٹ چکے ہیں اور صرف ایک تار سے چیئر لفٹ ہوا میں رکی ہوئی ہے۔ پھنسنے والی لفٹ تقریباً دو ہزار میٹر کی بلندی پر ہوا میں معلق ہے جس کے سبب مقامی لوگ امدادی کارروائی سے قاصر ہیں۔
اطلاع ملنے پر پاک فوج نے بٹگرام میں چیئر لفٹ میں پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے آپریشن شروع کیا، دو ہیلی کاپٹر آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ ریسکیو کیلئے پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کی سلنگ آپریشن کے ماہرین کی ٹیم بھی آپریشن میں مصروف عمل ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More