سپریم کورٹ کے فیصلے پر تحفظات ، آر اوز کا ہونا شفاف انتخابات کی عکاسی نہیں کرتا ، چیئرمین پی ٹی آئی

راولپنڈی (پاک ترک نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے مطمئن نہیں، فیصلے پر ہمارے تحفظات موجود ہیں۔ آر اوز کا ہونا فیئر انتخابات کی عکاسی نہیں کرتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ڈی آر اوز اور آر اوز فری اینڈ فیئر الیکشن کرائیں لیکن جن ڈی سیز نے ایم پی اوز کے آرڈر کیے وہ کیسے الیکشن صاف و شفاف کرائیں گے، سپریم کورٹ نے عمیر نیازی کو نوٹس جاری کیا ہے، توہین عدالت کے نوٹس ہوں گے تو کوئی بھی صاف و شفاف الیکشنز کیلئے عدالت نہیں جائے گا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ٹرائل جیل میں کرائے جا رہے ہیں تاکہ دباؤ بڑھے اور سمجھوتہ ہو لیکن وہ سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ صاف شفاف الیکشن کرانے ہیں تو حکومتی نمائندوں کے آر اوز اور ڈی آر اوز کا رول نہیں ہونا چاہیے، تمام ریٹرننگ افسران عدلیہ سے ہونے چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کرے گی لیکن ہم سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ ہماری درخواستوں کو بھی سنا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ورکرز کو جیلوں میں بار بار نظر بند کرنے کے معاملے کو بھی دیکھنا چاہیے۔ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو چاہتی ہے کہ جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچائے۔ اگر آپ پٹیشنرز کو نوٹس جاری کرنا شروع کریں تو انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ہو گی۔ سپریم کورٹ نے 8 فروری کو الیکشن کروانے کا کہہ کر اچھا اقدام کیا۔ ہمیں آج بھی کنونشن میں شرکت یا جھنڈوں کی اجازت نہیں ہے ۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More