طرابلس(پاک ترک نیوز ) لیبیا کی وزیرخارجہ کی اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے۔لیبیائی وزیر خارجہ کو معطل کردیا گیا ۔
لیبیا کی خاتون وزیر خارجہ نجلا منگوش نے اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات کی تھی جس کے بعد ملک میں احتجاج اورہنگامے پھوٹ پڑے ہیں ، دارالحکومت طرابلس میں بھی عوام کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا۔لیبیا کے وزیراعظم نے اسرائیلی ہم منصب سے غیر رسمی ملاقات پر خاتون وزیر خارجہ کو معطل کردیا ہے۔
لیبیا اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور فلسطین کاز کی کھل کر حمایت کرتا ہے جس وجہ سے لیبیا اور اسرائیلی وزیر خارجہ کی ملاقات کی خبریں سامنے آنے پر ملک میں اشتعال پھیلا اور ہنگامے پھوٹ پڑے۔اسرائیلی وزیر خارجہ نے لیبیا کی وزیر خارجہ نجلا منگوش سے ہونے والی اس ملاقات کو تعلقات کی بحالی کی جانب پہلا قدم قرار دیا تھا۔لیبیا کے تین صوبوں پر مشتمل صدارتی کونسل نے اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کو غیر قانونی قراردیا ہے۔
لیبیا کے سپیکر آفس نے اسرائیلی وزیر خارجہ سے ملاقات کرنے والی نجلا منگوش کو ملک کا سب سے بڑا غدار قرار دیا ہے جبکہ وزیراعظم عبدالحامد نے سابق خاتون وزیر خارجہ کے خلاف تحقیقات کی بھی ہدایت کردی ہے۔لیبیا کی ہم منصب سے ملاقات سے متعلق اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اٹلی میں ہونے والی ایک سمٹ میں لیبیا کی وزیر خارجہ سے اتفاقیہ ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو لے کر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
یاد رہےکہ اسرائیل، عرب اور مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی کوششوں میں مصروف ہے جس میں اب تک بحرین اور متحدہ عرب امارات سمیت بعض مسلم ممالک اس سے سفارتی تعلقات بحال کرچکے ہیں۔