ریاض (پاک ترک نیوز)
عالمی سپرسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو آج پرائیوٹ جہاز میں اپنی فیملی اور معاونین کے ساتھ رات 11 بجے ریاض پہنچیں گے۔
سعودییڈیا کی رپورٹ کے مطابق النصر کلب کے ذرائع نے بتایا ہے کہ سپر سٹار فٹبالر کا عوامی استقبال نہیں ہوگا جبکہ کل منگل کو اُن کے اعزاز میں مرسول پارک میں عوامی استقبالیہ ہوگا۔
ذرائع نے کہا ہے کہ النصر کلب کرسٹیانو رونالڈو کا انٹرنیشنل کارڈ سابقہ کلب سے حاصل کرے گا جبکہ بعد ازاں ان کا طبی معائنہ ہو گا۔
کرسٹیانو رونالڈو اور فیملی کو ریاض کے مشہور ہوٹل میں ٹھہرایا جائے گا۔ بعد ازاں ان کے لیے نجی رہائش کا انتظام کیا جائے گا۔
دریں اثناسعودی عرب کی معروف فٹبال کلب النصر ایف سی کی جانب سے پرتگال کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو سے دستخط ہونے کے اعلان کے بعد RONALDO اور7 نمبر کی نئی شرٹ خریدنے کے لیےسپورٹس وئیر سٹورز پر مداحوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔
توقع کی جاتی ہے کہ رونالڈو کے خاص نمبر کی شرٹ خریدنے کے لیے آئندہ چند دنوں کے دوران مملکت بھر میں کلب کے سٹورز پر اس سے بھی زیادہ لوگوں کی تعداد نظر آئے گی۔
عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کے اس نئے معاہدے کے ساتھ ہی شائقین اب رونالڈو کے النصر کلب سے ڈیبیو کے دن گن رہے ہیں جو ایک ہفتے بعد آسکتا ہے جب النصرکلب کا مقابلہ حائل شہر کی فٹبال کلب الطائی کے ساتھ ہوگا۔
واضح رہے کہ النصر کلب کے صدر کے ساتھ 7 نمبر کی جرسی تھامے رونالڈو کی تصویر کے بعد سے اب تک سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر النصر کلب کے فالوورز کی تعداد بڑھ کر ساڑھے پانچ ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔
سابقہ پوسٹ