اقوام متحدہ (پاک ترک نیوز)
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں روس کے مستقل نمائندے واسیلی نیب نیزیا نے کہا ہے کہ کونسل کو رمضان المبارک میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد کی عدم تعمیل پر اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے پر فوری غور کرنا چاہیے۔
بدھ کے روز سلامتی کونسل کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے روسی مندوب نے کہا کہ ہم آپ کو ایک بار پھر یاد دلاتے ہیں کہ سلامتی کونسل کی لازمی قرار دادوں کی عدم تعمیل خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پابندیوں کا باعث بنتی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ کونسل کو بغیر کسی تاخیر کے اس مسئلے پر غور کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2728 جس میں غزہ کی پٹی میں رمضان المبارک کے دوران جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کونسل کو صیہونی حکومت پر پابندیوں کے معاملےپر فوری کاروائی کرنے کی ضرورت ہے۔
روسی سفارت کار نے مغربی ایشیا اور فلسطین میں ہونے والی پیش رفت پراجلاس کے دوران کہا کہ غزہ ایک بے مثال تباہی کا مشاہدہ کر رہا ہے لیکن اس کے باوجود اسرائیل انسانی امداد کے قافلوں کو اس علاقے تک پہنچنے سے روک رہا ہے۔
نیببنزیا نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (ڈبلیو این آر اے ڈبلیو) کے کردار کو مکمل طور پر بحال کیا جانا چاہیے تاکہ غزہ کی صورتحال مزید نازک نہ ہو۔