ماسکو(پاک ترک نیوز)
روس مغرب کی جانب سے یوکرین کو ایف سولہ طیاروں کی فراہمی کوایٹمی خطرے کے طور پر دیکھے گا کیونکہ یہ جیٹ فائٹرز ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے یوکرین کو ایف 16 طیاروں کی منتقلی کے امریکی منصوبے کے تناظر میں یہ بیان دیا ہے۔ جبکہ واشنگٹن نےتاحال یوکرین کو ان جیٹ فائٹرز کی فراہمی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا ۔تاہم اس ضمن میں تیاریوں کی اطلاعات زیر گردش ہیں۔
روسی وزارت خارجہ کی طرف سے لاوروف کے حوالے سے کہا گیا ہےکہ روس ان طیاروں کی جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔اور اس حوالے سے کسی کی کوئی بھی یقین دہانی مدد گار ثابت نہیں ہو سکتی۔ اُن کا کہنا تھا کہ جنگی کارروائیوں کے دوران ہمارے فوجی اس بات کا تعین نہیں کریں گے کہ آیا اس نوعیت کا ہر مخصوص طیارہ جوہری ہتھیاروں سے لیس ہے یا نہیں۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم اس حقیقت کو مدنظر رکھیں گے کہ یوکرین کی مسلح افواج کے پاس ایسا نظام موجود ہے جو جوہری میدان میں مغرب کی جانب سے ہمارے لیے خطرہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق ہالینڈ اور ڈنمارک یوکرین کے پائلٹس کو امریکی ساختہ ہوائی جہاز اڑانے کی تربیت دینے کے منصوبے کی ابتدا کریں گے۔امریکہ کی طرف سے اس اقدام کی اجازت کے بعد یہ پروگرام اگست میں ڈنمارک میں شروع ہو گا۔