ریاض (پاک ترک نیوز) سعودی وزارت داخلہ نے دہشت گردی کا الزام ثابت ہونے پر عدالت کا حکم نافذ کرتے ہوئے 7 افراد کا سر قلم کردیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مذکورہ افراد کو تخریب کاری، دہشت گردی اور وطن سے غداری کے الزام پر گرفتار کیا گیا تھا۔وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’سعودی شہری احمد الشمری، سعید الوادعی، عبد العزیز الشہرانی، عوض الاسمری، عبد اللہ السعیدی، محمد بن حداد، عبد اللہ الشمری نے وطن کی سلامتی، امن وامان اور استحکام کو خطرے میں ڈالنے کے لیے دہشت گرد تنظیموں سے وابستگی اختیار کرلی اور وطن کے ساتھ غداری کی ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’تفتیش کے بعد انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا جس نے مذکورہ الزامات کی بنیاد پر انہیں عدالت میں پیش کردیا‘۔’عدالت نے الزامات ثابت ہونے پر مذکورہ افراد کو موت کی سزا سنائی جسے آج منگل کو ریاض میں نافذ کردیا گیا‘۔