اسلام آباد(پاک ترک نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ نئے قرض پروگرام کی جانب اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، سعودی عرب، یواے ای اور چین نے پاکستان کو قرضوں کی مدت میں توسیع کی یقین دہانی کروا دی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ چین، سعودی عرب اور یواے ای کی یقین دہانی سے متعلق آئی ایم ایف کو آگاہ کر دیا، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے 7 ارب ڈالر قرض پروگرام کی منظوری کیلئے پیش رفت ہوئی ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ رواں سال دوست ممالک کو 12 ارب ڈالر کے دو طرفہ قرضوں کی ادائیگیاں کرنی ہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ چین، سعودی عرب اور یو اے ای نے قرض کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی یقین دہانی کرائی جبکہ پاکستان کے ذمہ سعودی عرب کا 5 ارب اور چین کا 4 ارب ڈالر قرض واجب الادا ہے، پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو بھی 3 ارب ڈالر قرض واپس کرنا ہے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کیلئے 37 ماہ پر محیط 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی حتمی منظوری دی جائیگی، پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام کے دوران 3 سے 5 ارب ڈالر کے فنانسنگ گیپ کا سامنا ہے، یہ فنانسنگ گیپ اتنا بڑا نہیں ہے، حکومت اس کو کم کرنے کی کوشش میں ہے۔