سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جلد پاکستان آئیں گے،نگران وزیر خارجہ

لندن(پاک ترک نیوز) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جلد پاکستان آئیں گے۔
لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا لندن آنے کا بنیادی مقصد دولت مشترکہ کی یوتھ منسٹرز کانفرنس میں شرکت تھا۔کانفرنس میں 50 ممالک شریک تھے جن میں 40 وزرا شامل تھے، کانفرنس میں ماحولیاتی تبدیلیوں کو خصوصی اہمیت دی گئی، سفارشات پر عملدرآمد کیلئے ٹاسک فورس بنادی گئی ہے۔
سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے متعلق سوال پر جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا سعودی عرب کی ولی عہد محمد بن سلمان جلد پاکستان آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، ان کی تعلیم اور روزگار کے حوالے سے متعدد نئے آئیڈیاز سامنے آئے، وزیراعظم پاکستان نے بھی نوجوانوان کی ترقی کے لیے 80 ارب روپے کا فنڈ مقرر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقیم غیر قانونی طور پر رہنے والے افراد کو نکالنے کا فیصلہ مناسب ہے، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ملک چھوڑنے کا وقت دے دیا ہے۔
بھارت کے ساتھ تعلقات سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سے پاکستان کے بھارت سے تعلقات منقطع ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا نگران حکومت کے اقدامات سے حالات میں بہتری آئی ہے، کرنسی سمگلنگ کو آہنی ہاتھوں سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ڈالر گرنا شروع ہو گیا ہے۔
نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے اور انتخابات کی تاریخ الیکشن کمیشن دے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More