لاہور(پاک ترک نیوز) لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
عمران خان جسٹس طارق کی عدالت سے دوسری عدالت جسٹس شہباز رضوی کے سامنے حفاظتی ضمانت کیلئے پیش ہوئے، ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے عمران خان کی دو مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج دو مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔
بعدازاں لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کیخلاف اسلام آباد میں درج 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی زمان پارک گھر پر پولیس آپریشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عمران خان جسٹس طارق سلیم شیخ کے روبرو پیش ہوئے۔
انہوں نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پولیس نے چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا، توڑ پھوڑ کی،املاک کو نقصان پہنچایا، 18 مارچ کو زمان پارک آپریشن قانون کے منافی کیا، بنیادی حقوق اور لاہور ہائیکورٹ کے 17 مارچ کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی ، عدالت متعلقہ فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔