مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما محمد زبیر کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

کراچی(پاک ترک نیوز) سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما محمد زبیر نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

سابق وزیراعظم و قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کے سابق ترجمان محمد زبیر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ کافی عرصہ پہلے ن لیگ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا تھا، اب فیصلہ کر لیا ہے کہ مسلم لیگ نون کو خیر باد کہہ دوں۔

انہوں نے کہا کہ تب تک پارٹی کے ساتھ تھا جب تک سویلین بالادستی کی بات ہو رہی تھی، ہر قیمت میں پاور میں ہی رہنا ہے تو بہت مشکل ہو جاتا ہے، پارٹی کا مؤقف تبدیل ہوگیا تھا پھر الگ ہونا ہی بہتر تھا، میں نے کافی عرصے سے کلیئر کر دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد اور پی ڈی ایم کی 16 ماہ کی کارکردگی سمیت مختلف ایشوز پر اختلافات تھے، ہم نے عوام کے بھروسے پر سیاست کرنی تھی، عوام پر ہمارا اعتماد تھا، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ ہمارا تھا۔

محمد زبیر نے مزید کہا کہ شاہد خاقان عباسی کی نئی جماعت سمیت تاحال کسی بھی پارٹی کو جوائن کرنے کا فیصلہ نہیں کیا، اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ دوستوں کے مشورے کے بعد کروں گا۔

یاد رہے کہ محمد زبیر ماضی میں نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More