ریاض (پاک ترک نیوز) سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے حج کے موقع پر شدید گرمی کا الرٹ جاری کردیا ہے، رواں سال 24 سے 29 جون تک سال کا گرم ترین وقت ہوگا۔
سعودی محکمہ موسمیات کے سربراہ ایمن غلام نے عازمین حج کو خبردار کیا ہے کہ حج کا سیزن اس بار جون میں آرہا ہے جب بہت گرمی پڑتی ہے اور فضا میں نمی کا تناسب بھی بڑھ جاتا ہے۔مناسک حج کی ادائیگی 14 سے 19 جون تک متوقع ہے۔
ایمن غلام کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کو موسم کی کیفیت کا پوری طرح علم ہونا چاہیے تاکہ تمام ضروری اقدامات بروقت کیے جاسکیں جبکہ عازمین حج کے کیمپوں کے اندر کھانے پینے سے متعلق انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت اس حوالے سے الرٹ ہے اور عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
سعودی محکمہ موسمیات کے سربراہ ایمن غلام کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال 24 لاکھ سے زائد افراد حج کریں گے، شدید گرمی میں اُن کے لیے تمام ضروری انتظامات غیر معمولی توجہ چاہتے ہیں۔