شاہ محمود قریشی اڈیالہ جیل سے رہائی کے فوراً بعد جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتار

راولپنڈی(پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہائی کے فوراً بعد جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔نظر بندی احکامات ختم ہونے پر جیل سے رہائی کے بعد شاہ محمود قریشی کو گرفتار کیا گیا۔
راولپنڈی پولیس نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتار کیا۔ پولیس کی بھاری نفری شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے لیکر روانہ ہوئی اور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
شاہ محمود قریشی کے خلاف سانحہ 9 مئی میں جی ایچ کیو پر حملے کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کو آج یا کل انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ لیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے شاہ محمود قریشی کے نظر بندی کے احکامات بھی منسوخ کر دیے۔ پولیس حکام نے ڈی سی راولپنڈی سے شاہ محمود قریشی کے نظر بندی احکامات ختم کرنے کی استدعا کی تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کو 3 ایم پی او کو تحت حراست میں لیا، ضروری کارروائی کے بعد شاہ محمود قریشی کو دوبارہ اڈیالہ جیل لائیں گے۔
بکتر بند گاڑی پر کھڑے ہوکر خطاب کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے سپریم کورٹ نے ضمانت پر رہا کیا لیکن یہ ظلم ہے، مجھے قوم کی خدمت کرنے پر سزا دی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل میں نظر بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More