کراچی(پاک ترک نیوز) الیکشن ٹربیونل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سمیت دیگرکو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔
سندھ ہائیکورٹ میں الیکشن ٹریبیونل کے روبرو حلقہ این اے 214، حلقہ این 214 سے زین قریشی، حلقہ این 238 سے حلیم عادل شیخ، حلقہ این اے 241سے ارسلان خالد اور پیپلز پارٹی کے امیدوار اختیار بیگ کی حلقہ این اے 241 سے ریٹرننگ افسران کے فیصلے کیخلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔
شاہ محمود قریشی، زین قریشی، حلیم عادل شیخ اور ارسلان خالد کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔ ٹریبیونل نے پیپلز پارٹی کے مرزا اختیار بیگ کو این اے 241 سے الیکشن لڑنے کی مشروط اجازت دے دی۔
الیکشن ٹریبیونل نے شاہ محمود قریشی کو این اے 214 عمر کوٹ سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ ٹریبیونل نے زین قریشی کے بھی این اے 214 سے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے۔ الیکشن ٹریبیونل نے ریٹرنگ افسر کا کاغذات مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔ واجبات سے متعلق سند پیش نا کرنے پر ریٹرننگ افسر نے کاغزات مسترد کردیئے تھے۔
این اے 238 سے حلیم عادل شیخ کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی گئی ۔ ریبیونل نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔
جسٹس عدنان الکریم میمن پر مشتمل ٹریبیونل نے پیپلز پارٹی کے مرزا اختیار بیگ کو حلقہ این اے 241 سے الیکشن لڑنے کی مشروط اجازت دے دی۔ ٹریبیونل نے ریمارکس دیئے کہ اگر دہری شہریت ختم ہوچکی ہے تو بیان حلفی جمع کرائیں۔ اگر بیان حلفی غلط ثابت ہوا تو الیکشن جیتنے کے بعد کامیابی منسوخ ہوجائے گی۔
حلقہ این اے 241 سے پی ٹی آئی امیدوار ارسلان خالد کی اپیل منظور کرلی۔ ٹریبونل نے ارسلان خالد کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے موقف دیا تھا کہ مقدمہ ظاہر نہ کرنے پر ریٹرننگ افسر نے کاغذات مسترد کیئے تھے۔