شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت منظور، گرفتاری سے روک دیاگیا

لاہور(پاک ترک نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔پولیس کو گرفتاری سے روک دیا ۔عدالت نے ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔
جج اعجاز احمد بٹر نے پی ٹی آئی رہنما کی درخواست منظور کرتے ہوئے 27 جون تک عبوری ضمانت منظور کی اور پولیس کو شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
یاد رہے کہ شاہ محمود قریشی نے تھانہ ریس کورس، تھانہ گلبرگ اور تھانہ سرور روڈ کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کی تھیں۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وفاقی بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا، تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا گیا لیکن اس کیلئے پیسہ کہاں سے آئے گا، بجٹ کے نام پر قوم کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے، اسحاق ڈار نے معیشت کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیل دیا ہے، بجٹ میں الیکشن کیلئے 48 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف کا روشن مستقبل نظر آ رہا ہے، ہر سیاسی شخصیت کو اپنے مستقبل کے فیصلے کرنے کا حق ہے، آئین کے مطابق چلنا ہے تو الیکشن کرانے پڑیں گے۔
بجٹ پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں بار بار ترمیم ہوتی رہے گی، 12 اگست کو موجودہ پارلیمنٹ کی مدت پوری ہو رہی ہے، نگراں حکومت کو اس بجٹ پر نظرثانی کرنی پڑے گی اور آنے والی منتخب حکومت بجٹ پر دوبارہ نظرثانی کرے گی۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو 6 جون کو اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تھا، لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کی جانب سے رہائی کا تحریری حکم نامہ جاری ہونے پر انہیں رہائی ملی تھی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More