شاہ سلمان امدادی سینٹر نےپاکستان میں 2023-24کیلئے امداد کا پروگرام شروع کر دیا

اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
سعودی عرب کے شاہ سلمان انسانی امداد اور بحالی سینٹر نے پاکستان میں 2024-2023 کے لیے فوڈ سکیورٹی پروجیکٹ کا آغازکردیا ہے جس کے تحت ملک کے 40 اضلاع میں 7 لاکھ 35 ہزار افراد کو بنیادی خوراک فراہم کی جائے گی۔
پراجیکٹ کا افتتاح گذشتہ روز سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستان کے وزیر برائے مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ فوڈ سکیورٹی پروجیکٹ سعودی عرب کا برادر ملک پاکستان اور اس کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے اور سعودی عرب پاکستان اور پاکستانی عوام کی مدد کرتا رہے گا۔انہوں نے اس موقع پر پاکستانی عوام کی سعودی عرب اور شاہ سلمان سے وابستگی کو بھی سراہا۔
فوڈ سکیورٹی پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ ضرورت کے وقت پاکستان اور اس کے عوام کی مدد کی اور ضرورت میں مدد کی۔یہ فوڈ سکیورٹی پروجیکٹ سیلاب کے بعد پاکستانی عوام کو درپیش خوراک کی کمی کے خاتمے کے لیے کافی معاون ثابت ہو گا۔سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے اور پھلے پھولیں گے۔انہوں نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن اور قائدانہ کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر شاہ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے پاکستان میں ڈائریکٹر خالد العثمانی نے بتایا کہ فوڈ سکیورٹی پروجیکٹ کے تحت سعودی عرب رواں سال پاکستان کے 40 اضلاع میں خوراک کے ایک لاکھ پانچ ہزار تھیلے تقسیم کرے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More