رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج، ذی الحج کا چاند نظر آنے کا قوی امکان

کراچی(پاک ترک) ملک میں ذی الحج 1445 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جبکہ چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔
ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت کمیٹی کا مرکزی اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کراچی میں ہوگا۔زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہوں گے۔
یاد رہے کہ ملک میں آج 7 جون بروز جمعہ 29 ذیقعد ہے اور آج ہی ذی الحج کا چاند نظر آنے کی صورت میں 8 جون بروز ہفتہ کو یکم ذی الحج اور 17 جون بروز پیر کو عیدالاضحیٰ ہوگی۔
ماہر فلکیات پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ذی الحج کا چاند آج نظر آنے کا قوی امکان ہے، گزشتہ شام 5 بجکر 40 منٹ پر چاند کی پیدائش ہوئی تھی، آج سورج غروب ہوتے وقت چاند افق سے 12.5 ڈگری اونچا ہو گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ آج غروب آفتاب 7 بج کر 20 منٹ پر ہونے کا امکان ہے اور غروب آفتاب کے تقریباً 15 منٹ بعد چاند واضح دیکھا جاسکے گا، چاند نظر آنے کا دورانیہ غروب آفتاب کے بعد 40 سے 50 منٹ ہو گا۔غروب قمر 8 بج کر 31 منٹ پر متوقع ہے، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے 45 منٹ ہوگی، چاند دکھائی دینے کیلئے اسکی عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔
آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی چوڑائی زیادہ ہوگی اور باآسانی دیکھا جاسکے گا، آج چاند نظر آنے کی صورت میں عید الاضحیٰ 17 جون کو ہوگی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More