کراچی (پاک ترک نیوز) جامعہ کراچی اور ترکیہ کے یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے درمیان کیمپس میں فیکلٹی اور طلبہ کے لیے ترکیہ زبان اور ثقافتی مرکز کے قیام کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔
کراچی میں ترکیہ کے قونصل جنرل کیمل سانگو اور استنبول یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر حلیل ٹوکر نے جامعہ کراچی کا دورہ کیا اور جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سےسیکریٹریٹ میں ملاقات کی۔
جامعہ کراچی اور انقرہ میں قائم یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ، جو ترکی، اس کی ثقافت اور زبان کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا تھااور اس کا مقصد دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا تھا، اس کے ذریعے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تعاون کی ترقی کی حوصلہ افزائی کرے گا۔
ترکیہ کے قونصل جنرل کیمل سانگو اور پروفیسر ڈاکٹر حلیل ٹوکر نے جامعہ کراچی انتظامیہ کو بریفنگ دی کہ مذکورہ منصوبہ دونوں ممالک کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب بھی لائے گا۔ کراچی میں ترکیہ کے قونصل جنرل کیمل سانگو نے بتایا کہ پاکستانی طلباء کے لیے خصوصی اسکالرشپ دستیاب ہیں اور سرکاری اور نجی شعبے کی دونوں جامعات کراچی یونیورسٹی کے ہر شعبہ کے ساتھ ساتھ پاکستان کے دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلباء کو حاصل کرنا چاہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں ترکیہ کی جامعات اور جامعہ کراچی مشترکہ ورکشاپس اور سیمینارز کا آغاز کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ پاکستان اور ترکی جغرافیائی طور پر ایک دوسرے کے قریب نہیں ہیں لیکن ہر ترک شہری کے دل و دماغ میں ہم ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں۔
دریں اثنا، پروفیسر ڈاکٹر خلیل نے کہا کہ یہ مجوزہ مرکز طلباء کو ترک ثقافتی اقدار، ادب، ترکی کی تاریخ اور جدید اور پرانے ترکی کے دیگر پہلوؤں سے آگاہ کرے گا۔
جامعہ کراچی کے کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ ترکیہ زبان اور ثقافتی مرکز کے قیام سے ہمارے طلباء اور اساتذہ ترکی اور اس کی بھرپور تاریخ کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکیں گے۔ ان کا خیال تھا کہ مجوزہ منصوبے پر جلد کام شروع ہو جائے گا اور مستقبل قریب میں فیکلٹی اور طلباء لینگویج سرٹیفکیٹ پروگرام میں داخلہ لے سکیں گے۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر حلیل ٹوکر نے ایم او یو کی دستاویزات پر دستخط کیے۔