کولکتہ(پاک ترک نیوز) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے بلے باز کوئنٹن ڈی کاک آسٹریلیا کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلنے کے بعد بین الاقوامی ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے۔
بھارت کی میزبانی میں جاری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ کے 13 ویں ایڈیشن کا دوسرا سیمی فائنل کولکتہ میں کھیلا گیاورلڈکپ سیمی فائنل میں شکست کے بعد پروٹیز وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کاک ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے، ڈی کاک اس ورلڈکپ میں دوسرے سب سے زیادہ سکور کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔
پروٹیز وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کاک کی جانب سے ورلڈکپ سے پہلے ہی اعلان کردیا گیا تھا کہ یہ آئی سی سی ایونٹ انکا آخری ٹورنامنٹ ہو گا، اوپنر بلے باز ون ڈے کے علاوہ دیگر فارمیٹس میں ٹیم کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔