انتخابات کے حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے،نگران وزیر اطلاعات

 

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ انتخابات کے حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔
سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور وزارت اطلاعات کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ مبصرین، غیرملکی صحافیوں کو 49 ویزے جاری کیے گئے، نئی دہلی ہائی کمیشن کی 24 درخواستیں ویزے کے لیے زیر غور ہیں۔
نگران وزیر اطلاعات نے بتایا کہ 6 ہزار سے زائد مبصرین اور صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ جاری کرچکے ہیں، مبصرین کو کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے لیے اجازت نامے جاری کیے ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کا ضابطہ اخلاق جاری کرچکا ہے، انتخابات کی کوریج کے لیے غیرملکی میڈیا کے نمائندے پاکستان میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ برطانیہ سے 25 مبصرین کے ویزے پراسس میں ہیں، روس سے 8 جبکہ کینیڈا اور جاپان سے بھی درخواستیں زیرغور ہیں۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More