گیس ہب کے سیکورٹی اور دیگر حساس امور پر ترکیہ اور روس کے مابین بات چیت کا آغاز

ماسکو(پاک ترک نیوز)
روس کے نائب وزیر خارجہ اولیگ سائرومولوٹوف نےکہا ہےکہ ماسکو اور انقرہ نے گیس ہب مجوزہ منصوبے کی سیکورٹی سے متعلق حساس مسائل پر ماہرانہ بات چیت کا آغازکر دیا ہے۔
روس کے سرکاری میڈیا کوہفتہ کے روز دئیے گئے انٹرویو میں مولوٹوف نے کہا کہ یہ سب صدر پوٹن اور صدر اردوان کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے جس میں ترکیہ میں گیس کا مرکز بنانے کے منصوبے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین اس وقت اس اقدام کے نفاذ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ جن میں سیکورٹی سمیت کئی حساس پہلو بھی شامل ہیں۔ ہمیں اپنے ترک شراکت داروں کا جوش و خروش دیکھ کر خوشی ہوئی اور ساتھ ہی ان کا تعمیری نقطہ نظر اور قریبی مشترکہ کام میں مشغول ہونے کی آمادگی لائق ستائش ہے۔
سائرومولوٹوف نے یقین ظاہر کیا کہ ماسکو اور انقرہ موجودہ اور مستقبل کے توانائی کی سہولیات کی حفاظت سے متعلق تمام ابھرتے ہوئے مسائل کو حل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
روسی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ توانائی کا شعبہ ان شعبوں میں سے ایک ہے جہاں روس اور ترکیہ کا تعاون سب سے زیادہ کامیاب رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں تعلقات کو فروغ دینے کے لیے انقرہ کا عزم بلیو اسٹریم اور ترک اسٹریم گیس پائپ لائنوں کی تعمیر میں دوطرفہ تعاون کے مثبت تجربے کے ساتھ ساتھ گیس فراہم کرنے والے کے طور پر روس کے انحصار سے پیدا ہوا ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More