اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کیخلاف درخواستوں پرسپریم کورٹ کے 8 رکنی بینچ نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سماعت کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کے ازخود نوٹس سے متعلق پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 کے خلاف درخواستوں پر سماعت شروع ہوگئی۔
چیف جسٹس پاکستان عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 8 رکنی لارجر بنچ سماعت کر رہا ہے، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس مظاہر نقوی، جسٹس حسن اظہر رضوی ،جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس شاہد وحید بنچ میں شامل ہیں۔
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے خلاف 4 درخواستیں عدالت عظمیٰ میں دائر کی گئی ہیں، بل کے خلاف درخواستیں ایڈووکیٹ خواجہ طارق رحیم اور دیگر نے دائر کی ہیں۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظور کر کے توثیق کے لئے صدر پاکستان کو بھیجا تھا تاہم صدر عارف علوی نے بل نظر ثانی کے لیے واپس سپیکر کو بھیج دیا تھا۔