ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ :پروٹیز نے چوکر کا ہار افغانستان کوپہنا دیا ،سائوتھ افریقہ پہلی بار فائنل میں پہنچ گیا
تاروبا(پاک ترک نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے پہلے سیمی فائنل میچ میں سائوتھ افریقہ نے ’’چوکرز ‘‘ کا ہار افغانستان کو پہنا دیا ۔ پروٹیز افغانستان کو 9 وکٹوں سے بآسانی شکست دے کر پہلی بار فائنل میں پہنچ گئے، فاتح ٹیم نے57 رنز کا ہدف 9 ویں اوور میں ہی پورا کر لیا۔
امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے پہلے سیمی فائنل میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر ساؤتھ افریقہ کو فیلڈنگ کرنے کی دعوت دی، دونوں ٹیمیں برائن لارا کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوئیں۔
افغان ٹیم کی جانب سے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ بری طرح ناکام ثابت ہوا اور ساؤتھ افریقہ کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے تمام بیٹرز بے بس نظر آئے، عظمت اللہ عمرزئی کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا، اوپنر رحمان اللہ گرباز، محمد نبی اور نور احمد بغیر کھاتہ کھولے ہی آؤٹ ہو کر واپس لوٹ گئے۔
عظمت اللہ عمرزئی نے 10، گلبدین نائب نے 9، کریم جنت، کپتان راشد خان نے 8، 8، ابراہیم زدران، ننگیالیا کھروٹ اور نوین الحق نے 2، 2، رنز بنائے، یوں پوری افغان ٹیم 11.5 اوورز میں 56 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ساؤتھ افریقہ کی جانب سے مارکو جانسن اور بتریز شمسی نے 3، 3، کاگیسوربادا اور اینریچ نوکیا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
57 رنز کے ہدف کے جواب میں ساؤتھ افریقہ نے بیٹنگ شروع کی تو ان کیخلاف افغان پلیئرز باؤلنگ میں بھی اچھی کارکردگی نہ دکھا سکےجبکہ صرف فضل الحق فاروقی نے گزشتہ میچوں کی طرح اپنی پرفارمنس برقرار رکھی اور پہلے ہی اوور میں اوپنر کوئنٹن ڈی کوک کی وکٹ حاصل کی۔
کوئنٹن ڈی کوک کے آؤٹ ہونے کے بعد ریزا ہینڈرکس اور کپتان ایڈن مارکرم نے 8.5 اوورز میں ہدف آسانی سے عبور کر لیا، دونوں نے بالترتیب 29 اور 23 رنز بنائے، شاندار کامیابی کے ساتھ جنوبی افریقہ تاریخ میں پہلی بار کسی بھی میگا ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔
دوسرا سیمی فائنل بھارت اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان آج شام ساڑھے 7 بجے کھیلا جائے گا، جیتنے والی ٹیم کا مقابلہ فائنل میں جنوبی افریقہ سے ہو گا۔