ٹی 20 ورلڈکپ سپر 8،انگلینڈ نے میزبان ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی

سینٹ لوشیا(پاک ترک نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے سپر ایٹ مرحلے کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے میزبان ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی۔
سینٹ لوشیا کے ڈیرن سیمی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے کے دوسرے میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کا 181 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 18 ویں اوور میں پورا کر لیا۔
انگلینڈ کی جانب سے فل سالٹ 47 گیندوں پر 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے جبکہ جونی بیرسٹو نے بھی 26 گیندوں پر 47 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
کپتان جوش بٹلر 22 گیندوں پر 25 جبکہ معین علی 10 گیندوں پر 13 رنز بنا پائے، ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیز اور آندرے رسل نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔
انگلینڈ کی دعوت پر میزبان ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے انگلش باؤلرز کو مشکل میں ڈالے رکھا، اوپنر برینڈن کنگ 23 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر واپس لوٹ گئے، ان کی جگہ پر آنے والے نکولس پورن نے جونسن چارلس کا بھرپور ساتھ دیا اور ٹیم کا مجموعی سکور 94 تک پہنچا دیا اس کے بعد جونسن چارلس 38 رنز پر کیچ دے بیٹھے۔
جونسن چارلس کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان رومن پاول نے بھی انگلش باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی اور 17 بالز پر 36 رنز بنا کر پویلین لوٹے، جارح مزاج بیٹر آندرے رسل صرف ایک ہی رن بنا پائے۔
شرفین رتھرفورڈ 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر، عادل رشید، معین علی اور لیام لیونگسٹون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More