ٹی 20 ورلڈکپ: افتتاحی میچ میں امریکا نے کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

ڈیلاس (پاک ترک نیوز) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے افتتاحی میچ میں امریکا نے کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کینیڈا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے امریکا کو جیت کیلئے 195 رنز کا ہدف دے دیا جو کہ میزبان ٹیم نے 17.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، سٹیون ٹیلر صفر، مونانک پٹیل 12 اور اینڈرس گوس 65 رنز بنا کر پویلین لوٹے، کوری اینڈرسن 3 اور ایرون جونز 94 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
کینیڈا کی جانب سے کلیم ثناء، ڈیلون ہیلیگر اور نکھیل دتہ نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
امریکا کے کپتان موناک پٹیل نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو بیٹنگ کی دعوت دی، کینیڈا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 194 رنز بنائے، ناونیت دھالیوال نے 61 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، اس کے علاوہ نکولس کرٹن نے 51، ایرون جونسن نے 23 دلپریت باجوہ نے 11 رنز بنائے جبکہ شریاس مووا 32 سکور کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
امریکا کی جانب سے علی خان، ہرمیت سنگھ اور کوری اینڈرسن نے ایک ایک وکٹ لی۔
ٹی 20 کرکٹ پر حکمرانی کی جنگ کیلئے امریکا میں کرکٹ کا عالمی میلہ سج گیا۔
میچ سے قبل آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی مختصر سی افتتاحی تقریب ہوئی جس میں گراؤنڈ میں کینیڈا اور امریکا کے پرچم کے ساتھ قومی ترانے بجائے گئے اور آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
کھلاڑیوں کا والہانہ استقبال کیا گیا، تماشائیوں کا جوش بڑھانے کیلئے اینیمیٹڈ کریکٹرز کی انٹری بھی ہوئی۔
یاد رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ میں 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جس میں 9 وینیوز پر مجموعی طور پر 55 میچز کھیلے جائیں گے، پاکستان اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گا جبکہ پاک بھارت ٹاکرا 9 جون کو ہوگا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More