تحریک انصاف کا خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر سپریم کورٹ سے رجوع

 

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا انتخابات کی تاریخ نہ دینے پر سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔
سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں الیکشن کمیشن، گورنر خیبرپختونخوا کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیاگیا کہ گورنر خیبرپختونخوا یکم مارچ کے عدالتی حکم پر عمل نہیں کر رہے، گورنر خیبرپختونخوا نے میڈیا پر 28 مئی کی تاریخ کا اعلان کیا بعد میں مکر گئے۔
آئین کے مطابق 90 دن میں انتخابات ضروری ہیں، گورنر خیبرپختونخوا عدالتی حکم کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ گورنر خیبرپختونخوا کو انتخابات کی تاریخ دینے کا حکم دے، استدعا کی گئی کہ 90دن کی مدت کے قریب ترین تاریخ دینے کی ہدایت کی جائے۔
درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کو تاریخ ملتے ہی فوری انتخابی شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کی جائے اور تمام وفاقی و صوبائی اداروں کو انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کا حکم دیا جائے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More