اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )نے سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی ہے، عمران خان کو فوری رہا کیا جائے۔
اس سے قبل تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی صدارت میں پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے عمران خان کی گرفتاری کو قانون کے مطابق قرار دینے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی گرفتاری کو قانونی قرار دیا تھا جبکہ آئی جی اسلام آباد اور سیکرٹری داخلہ کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔