راولپنڈی (پاک ترک نیوز) ضلع وزیرستان میرعلی میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق چھ دہشتگردوں پر مشتمل ایک گروپ نے بارود سے بھری گاڑی سکیورٹی فورسز کی چوکی سے ٹکرائی اور اس کے بعد متعدد خودکش حملے کیے ، حملوں سے عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا، خودکش حملوں کے دوران پانچ فوجی جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کاکہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دراندازی کی ابتدائی کوشش ناکام بنا دی، کلئیرنس آپریشن کے لیفٹننٹ کرنل کاشف نے تمام 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل کاشف کا تعلق کراچی اور 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر کا تعلق تلہ کنگ سے ہے۔شہدا میں حوالدار صابر، نائیک خورشید، سپاہی ناصر، سپاہی راجہ اور سپاہی سجاد بھی شامل ہیں۔
شہید حولدار صابر کا تعلق ضلع خیبر اور نائیک خورشید کا تعلق لکی مروت سے ہے جبکہ شہید سپاہی ناصر کا تعلق پشاور اور سپاہی راجہ کا تعلق کوہاٹ سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید سپاہی سجاد کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔
علاقے میں موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔