ڈھاکہ (پاک ترک نیوز) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈنے دورہ پاکستان کیلئے 16 رکنی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔بنگلہ دیش کے آل رائونڈر شکیب الحسن اور فاسٹ بائولر تسکین احمد بھی سکواڈ کا حصہ ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نجم الحسن شنتو ہیں جبکہ دیگر سکواڈ میں مومن الحق، محمود الحسن، ذاکر حسین، شادمان اسلام، مشفیق الرحیم، لٹن کمار داس، مہدی حسن، تیجل الاسلام، نعیم حسن، ناہید رانا، شریف الاسلام، حسن محمود اور سید خالد محمود شامل ہیں۔
فاسٹ بولر تسکین احمد اور عوامی لیگ کے رہنما شکیب الحسن بھی بنگلہ دیش سکواڈ کا حصہ ہیں۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق شکیب الحسن امریکہ سے پاکستان پہنچیں گے۔
واضح رہے پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے، پہلا ٹیسٹ21 اگست سے راولپنڈی اور دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے کراچی میں شروع ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے مطابق ٹیسٹ سیریز کے لئے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 13 اگست کو لاہور پہنچے گی۔بنگلہ دیش ٹیم کو پہلے 17 اگست کو اسلام آباد پہنچنا تھا ،پی سی بی نے بنگلہ دیش بورڈ کو ٹیم پہلے بھیجنے کی پیشکش کی تھی۔
بنگلہ دیش ٹیم قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تین دن پریکٹس کے بعد اسلام آباد جائے گی۔
سابقہ پوسٹ