پاکستان کا76 واں جشن آزادی آج جوش وخروش کے ساتھ منایا جارہا ہے

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پاکستان کا 76 واں جشن آزادی آج جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔قومی پرچم، جھنڈیاں، بانیانِ پاکستان کی تصاویر اور بینرز جگہ جگہ آویزاں کئے گئے ہیں۔
جشن آزادی کے موقع پر سرکاری و نجی عمارتوں اور سڑکوں، بازاروں اور مارکیٹوں میں شاندار چراغاں کیا گیا ۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں محفوظ شہید گیریژن میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی، تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے نعرہ تکبیر بلند کیا، پاک فوج کے جوانوں کے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔لاہور میں علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شاعر مشرق کو سلامی پیش کی۔
میجر جنرل قیصر سلیمان، گیریژن کمانڈر لاہور نے مزاراقبال پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی، پاک فوج کے دستے نے رینجرز کی جگہ گارڈز کے اعزازی فرائض سنبھال لئے ہیں۔
سندھ کے دارالحکومت کراچی میں مزار قائد پر اعزازی گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی، کمانڈنٹ نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد تقریب کے مہمان خصوصی تھے، کمانڈنٹ کموڈور محمد خالد نے مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزارِ قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھال لئے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی آسمان مختلف رنگوں سے سج گیا، ایف نائن پارک میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، شہریوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔
گزشتہ رات 12 بجتے ہی لاہور میں گریٹر اقبال پارک میں یوم آزادی کی مناسبت سے بھرپور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جسے دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی، اس کے علاوہ منچلوں نے آزادی کا جشن منانے کیلئے ٹولیوں کی شکل میں مختلف شاہراہوں پر گشت کرتے ہوئے ہلہ گلہ کیا۔
صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت صوبہ بھر میں جشن آزادی بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے، یوم آزادی کا آغاز پشاور میں شاندار آتش بازی سے کیا گیا، جمرود باب خیبر اور لنڈی کوتل چروازئے کے مقام پر آتش بازی کی گئی، نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More