بیجنگ (پاک ترک نیوز ) امریکی وزیر خارجہ ٹونی بلنکن اپنے دو روزہ دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ۔امریکی وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب چن گانگ سے ساڑھے پانچ گھنٹے طویل ملاقات کی ۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ٹونی بلنکن سے چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے بیجنگ کے سرکاری گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کی ، دونوں وزرائے خارجہ کی وفود کی سطح پر ملاقات ساڑھے 5 گھنٹے جاری رہی، ملاقات کے بعد ٹونی بلنکن عشائیہ میں شرکت کے لیے چلے گئے۔
آج ٹونی بلنکن چین کی خارجہ پالیسی کے اعلیٰ عہدیدار وانگ ای سے بھی ملیں گے ، وہ چینی حکام سے دوطرفہ تعلقات میں بہتری اور تجارتی تنازعات پر بات کریں گے۔
امریکی وزیرخارجہ کی چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کاامکان ہے۔
چینی وزارت خارجہ نے ملاقات کے بعد کہا کہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان طویل بات چیت ہوئی ہے اور انھوں نے بات چیت کو’’واضح، گہری اور تعمیری‘‘قرار دیا ہے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بلنکن کی چینی وزیر خارجہ سے واضح، ٹھوس اور معیاری بات چیت ہوئی ہے۔بلنکن نے مواصلات کے چینلز کھلے رکھنے پر زور دیا، دونوں رہنماؤں نے مشترکہ بین الاقوامی مسائل پر تعاون کے مواقع پر بھی گفتگو کی۔
امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے رابطوں کے تسلسل کیلئے چینی وزیر خارجہ کو واشنگٹن آنے کی دعوت بھی دی جس کو چینی وزیر خارجہ نے قبول کرلیا اور مناسب وقت پر امریکا آنے کی حامی بھری ہے۔
یاد رہے کہ سال 2018 کے بعد کسی بھی امریکی وزیر خارجہ کا چین کا یہ پہلا دورہ ہے ۔