اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش کرے گی ۔بجٹ کا حجم 13 ہزار 800 روپے سے زائد جبکہ 700ارب کے نئے ٹیکس لگانے کی تجویز ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار آج بجٹ پیش کریں گے۔ بجٹ کا حجم 13 ہزار 800 ارب روپے سے زائد ہو گا اور بجٹ میں 7 ہزار 300 ارب روپے قرضوں اور سود کی ادائیگی پر خرچ ہوں گے۔
بجٹ میں ایک ہزار 300 ارب روپے سبسڈی کے لیے مختص ہوسکتے ہیں اور آئندہ مالی سال کا ترقیاتی بجٹ ایک ہزار 150 ارب روپے ہو گا۔ٹیکس آمدن 9 ہزار 200 ارب روپے ہوسکتی ہے جبکہ نان ٹیکس آمدن 2 ہزار 800 ارب روپے ہوسکتی ہے۔
صوبوں کو قومی محاصل سے 5 ہزار 244 ارب روپے ملنے کا تخمینہ ہے جبکہ وفاق کا بجٹ خسارہ 6 ہزار ارب روپے سے زائد ہو گا اور آئندہ بجٹ میں دفاع کے لیے ایک ہزار 800 ارب روپے سے زائد خرچ ہونے کا تخمینہ ہے۔سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 20 فیصد بڑھنے کا امکان ہے۔
وزیر اعظم کی سکیموں کے لیے 80 ارب روپے مختص کیے جانے کی توقع ہے۔آئندہ بجٹ میں اراکین پارلیمنٹ کو 90 ارب روپے ترقیاتی اسکیموں کے لیے ملیں گے ۔
آئندہ مالی سال کے لیے وفاقی بجٹ کا خسارہ جی ڈی پی کا 6.4 فیصد رہ سکتا ہے جبکہ وفاق اور صوبوں کا بجٹ خسارہ 4.8 سے 5 فیصد تک رکھنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
وزارتوں کے لیے 650 ارب روپے سے زائد رکھنے کی تجویز دی گئی ہے اور پنشن میں 20 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ آئندہ بجٹ میں پنشن کے لیے 700 ارب روپے سے زائد رکھے جانے کا امکان ہے۔