شاہ چارلس سوم کی تاج پوشی کی تقریب جاری

 

لندن (پاک ترک نیوز ) شاہ چارلس سوئم کی تاج پوشی کی تقریب شاہی چرچ ویسٹ منسٹر ایبے میں جاری ہے ۔شاہ چارلس سوم گزشتہ برس ستمبر میں ملکہ الزبتھ کے انتقال کے بعد بادشاہ بنے تھے۔
برطانیہ میں شاہ چارلس سوم کی تاج پوشی کی تقریب مذہبی رسومات اور شاہی شان و شوکت کا مظہر ہے ، تاج پوشی کے سلسلے میں مختلف ممالک کے سربراہوں اور اہم شخصیات کی لندن آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
ویسٹ منسٹر ایبے میں تقریباً 2,200 مہمانوں کی آمد متوقع ہے، جو 1953 میں ملکہ الزبتھ II کی تاجپوشی میں شرکت کرنے والے 8,000 سے کم ہیں۔
ویسٹ مِنسٹر ایبے میں چھ مئی کو منعقد ہونے والی اس تقریب میں بادشاہ چارلس اور ان کی اہلیہ ملکہ کمیلا کی تاج پوشی ہوگی، سنہ 1066 سے شروع ہونے والے اس سلسلے میں شاہ چارلس 40ویں شاہی حکمراں ہوں گے جن کی تاج پوشی ویسٹ منسٹر ایبے میں ہو گی۔شاہ چارلس کو دیکھنے کیلئے لاکھوں افراد سینٹرل لندن کا رخ کریں گے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق تقریب میں شاہ چارلس روایت سے ہٹ کر فوجی لباس پہنیں گے۔
شاہ چارلس کا قافلہ بکنگھم پیلس سے 2 کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے صبح 11 بجے ویسٹ منسٹر ایبے پہنچے گا، صبح گیارہ بجے ویسٹ منسٹر ایبے میں تقریب تاجپوشی کا آغاز ہوگیا، بادشاہ چارلس کو دن 12 بجے تاج پہنایا جائے گا۔
برطانوی بادشاہ چالس کی تاجپوشی کے بعد چرچ آف انگلینڈ کے پادریوں اور کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن ویلبی کی قیادت میں چرچ سروس ہوگی جو ایک بجے تک جاری رہے گی۔
برطانیہ کی مسلح افواج کے تقریباً چار ہزار ارکان اس تقریب میں حصہ لیں گے جسے وزارت دفاع نے کسی تقریب میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی فوجی شرکت قرار دیا ہے۔
تاج پوشی تقریب کے مختلف مراحل میں بادشاہ کو تاریخی اشیاء پیش کی جائیں گی ، شاہ چارلس کو حلف اٹھانے کے بعد تاریخی سینٹ ایڈورڈ تاج پہنایا جائے گا، تاج پوشی کے بعد ملک بھر میں بگل بجیں گے اور توپوں کی سلامی پیش کی جائے گی۔
فلائی پاسٹ میں فضائی کرتب دکھانے والے ریڈ ایروز کے طیارے بھی شامل ہوں گے، تقریب تاجپوشی کے بعد اتوار کو تقریبات جاری رہیں گی، برطانیہ بھر میں ’بگ کورونیشن لنچ‘ اور’اسٹریٹ پارٹیز‘ ہوں گی۔
اتوار کو رات آٹھ بجے ونڈسر کیسل میں ’کورونیشن کانسرٹ‘ منعقد ہوگا جس میں ایک ہزار افراد شریک ہوں گے جبکہ پیر 8 مئی کو برطانیہ بھر میں عام تعطیل ہوگی۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More