ادارہ امورحرمین نے رمضان المبارک کے دوران زائرین کی سہولت کے لیے آپریشنل پلان تیار کر لیا

مکہ مکرمہ (پاک ترک نیوز)
حرمین شریفین کی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران زائرین کی خدمت کے لیے 8 ہزار سے زیادہ تربیت یافتہ رضاکار تعینات کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے۔جو حرمین شریفین میں خدمات سرانجام دینے والے اہلکاروں کے علاوہ ہونگے۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق حرمین شریفین انتطامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں 10 سے زیادہ شعبوں میں آٹھ ہزار سے زیادہ رضاکار رمضان المبارک کے دوران زائرین کو دو لاکھ سے زیادہ گھنٹے رضا کارانہ طور پر خدمات دیں گے۔معمر افراد اور معذوروں کو رمضان المبارک کے دوران تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ 10 ہزار وہیل چیئرز 24 گھنٹے مہیا ہوں گی۔ اورمسجد الحرام پہنچنے سے قبل وہیل چیئرز آن لائن بک کرائی جا سکیں گی۔ جس کے لئے انتظامیہ نے تنقل ایپ کے ذریعے بکنگ کی سہولت مہیا کی ہے۔
یاد رہے کہ ادارہ امورحرمین نے رمضان المبارک کے دوران زائرین کی سہولت کے لیے آپریشنل پلان تیار کیا ہے۔ کورونا وبا کے بعد اس سال رمضان المبارک کے دوران نہ صرف مملکت بلکہ دنیا بھرسے بڑی تعداد میں عمرہ زائرین مملکت آئیں گے جس کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے تاکہ زائرین کی آمدورفت کو منظم کیا جائے۔
رمضان المبارک کے دوران صحن مطاف صرف عمرہ کرنے والوں کے لیے مخصوص ہو گا جبکہ طواف کے لیے بالائی منازل کومخصوص کیا گیا ہے۔ سنت طواف ادا کرنے کے لیے مقامات مخصوص کیے گئے ہیں تاکہ طواف کی ادائیگی میں رکاوٹ نہ ہو۔ زائرین کی سہولت اورکراؤڈ کنٹرولنگ کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا گیا ہے۔ اسی طرح زائرین کی آمد ورفت کے مقامات پررہنما گائیڈز بھی فراہم کیے ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More