اسلام آباد(پاک ترک نیوز) الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے 43 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کر دیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے 43 پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور کرکے الیکشن کمیشن کو بھجوائے تھے، پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے ڈی نوٹیفائی نہ کرنے کی استدعا کی تھی۔پی ٹی آئی ممبران کے استعفوں پر الیکشن کمیشن کا آج اجلاس ہوا جس میں ارکان کے استعفے منظور کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پی ٹی آئی کے اب تک 123اراکین کے استعفے منظور کیے جا چکے ہیں، دو اراکین کے استعفے ان کی چھٹی کے درخواست کے باعث منظور نہیں کیے گئے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس بند ہونے کے باعث ایک روز قبل استعفے واپس لینے کے لیے اسپیکر کو ای میلز کی تھیں جبکہ استعفے واپس لینے کے لیے سپیکر کو خطوط بھی ارسال کیے گئے تھے۔