الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں تازہ پارٹی پوزیشن جاری کر دی

اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی نشستوں کے مطابق اب تک کی پارٹی پوزیشن جاری کر دی ہے۔جس کے تحت مسلم لیگ ن 107 ارکان کے ساتھ قومی اسمبلی کی سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے۔ سنی اتحاد کونسل میں 81 ارکان کے ساتھ دوسری اور پیپلز پارٹی 68ارکان کے ساتھ تیسری بڑی جماعت ہے۔
الیکشن کمیشن کی جاری کردہ تفصیل کے مطابق قومی اسمبلی میں جنرل نشستوں پر پارٹی پوزیشن کچھ یوں ہے کہ مسلم لیگ ن 75 جنرل نشستوں پر کامیاب ہوئی، 9 آزاد ارکان کی شمولیت کے بعد مسلم لیگ ن کے ارکان کی جنرل نشستوں کی تعداد 84 ہو گئی۔ مسلم لیگ ن کو اقلیتوں کی 4 اور خواتین کی19 نشستیں ملی ہیں، اس طرح مسلم لیگ ن کی اب تک کی قومی اسمبلی میں نشستوں کی تعداد 107 ہو گئی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے 54 امیدوار جنرل نشست پر کامیاب ہوئے، کسی آزاد امیدوار نے شمولیت اختیار نہیں کی۔ پیپلز پارٹی کو اقلیتوں کی 2 اور خواتین کی 12 نشستیں ملی ہیں اور یوں مجموعی تعداد 68 ہو گئی ہے۔
سنی اتحاد کونسل میں81 آزاد ممبران شامل ہوئے جس کی مخصوص نشستوں کا معاملہ الیکشن کمیشن میں زیر التوا ہے۔ ایم کیو ایم کے 17 امیدوار کامیاب ہوئے، کسی نے شمولیت اختیار نہیں کی۔ ایم کیو ایم کو اقلیت کی ایک نشست اور خواتین کی 4 نشستیں ملیں، اس طرح کل ارکان کی تعداد 22 ہو گئی۔جمعیت علمائے اسلام ف کے 6 ارکان کامیاب ہوئے، کسی نے شمولیت اختیار نہیں کی، 1 خواتین کی نشست ملی مجموعی تعداد 7 ہو گئی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ق کے 3 ممبران جنرل نشست پر کامیاب ہوئے۔ ایک آزاد امیدوار کی شمولیت کے بعد ارکان کی تعداد 4 ہو گئی۔ خواتین کے لیے مخصوص نشستوں میں سے ایک ملنے کے بعد تعداد 5 ہو گئی۔ استحکام پاکستان پارٹی کے 3 امیداور کامیاب ہوئے۔ ایک مخصوص نشست ملنے سے تعداد 4 ہو گئی ہے۔
مجلس وحدت المسلمین کا 1 امیدوار جنرل نشست پر کامیاب ہوا۔ اسی طرح مسلم لیگ ضیاء، بلوچستان عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے ایک، ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔
جنرل نشستوں پر قومی اسمبلی میں 99 آزاد ارکان کامیاب ہوئے۔ 8 آزاد امیدوار تاحال کسی جماعت میں شامل نہیں ہوئے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More