اسلام آباد(پاک ترک نیوز) الیکشن کمیشن نے 8فروری کو ہونیوالے عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، ریٹرننگ افسران 19دسمبر کو پبلک نوٹس جاری کریں گے۔
عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی 20 تا 22 دسمبر جمع کرائے جاسکیں گے، امیدواروں کی ابتدائی فہرستیں 23 دسمبر کو جاری ہوں گی۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 تا 30 دسمبر ہو گی، کاغذات نامزدگی کیخلاف اعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے بارے میں لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آج ہی الیکشن شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کے نام مراسلہ بھی جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ ڈی آر اوز اور ریٹرننگ افسروں کی ٹریننگ 17 تا 18 دسمبر ہوگی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مراسلے کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی ایک روزہ ٹریننگ 19 دسمبر کو بھی ہو گی۔