سکردو ایئرپورٹ پر پہلی بین الاقوامی پرواز 14اگست کو لینڈ کرے گی

سکردو (پاک ترک نیوز)سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 14 اگست کو پہلی بین الاقوامی پرواز لینڈ کرے گی ۔سکردو انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہلی بین الاقوامی پرواز دبئی سے پہنچے گی۔
اس حوالے سے گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری محی الدین احمد وانی نے سوشل میڈیا پر اعلان کیاہے کہ یہ ایک سنسنی خیز پیشرفت ہے اور اس کے نتیجے میں سیاحت کے شعبے میں مزید خوشحالی اور ترقی کے ساتھ ساتھ خطے میں بین الاقوامی تعاون بھی ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی پروازوں کیلئے اب نئی سہولیات قائم کی گئی ہیں اور ان کا افتتاح 11 اگست کو کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ایک اہم موڑ ثابت ہو گا ۔گزشتہ ماہ، کم از کم 12 ایئربس A320 پروازیں پاکستان کے بڑے شہروں بشمول اسلام آباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور کراچی سے پہنچی تھیں۔ یہ شمالی علاقے کا واحد ہوائی اڈہ ہے جس میں ایئربس A320 جیسے وسیع طیاروں کو ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔
بین الاقوامی سطح پر توسیع کے ساتھ ملک کی خوبصورت وادی میں سیاحت میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نے 2021 میں سکردو ایئرپورٹ کو بین الاقوامی قرار دیا تھا، لیکن علاقے میں طیاروں کے لیے ایندھن بھرنے کی سہولیات کی کمی نے اب تک آپریشن میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More