پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ آج ہو گا

 

کراچی (پاک ترک نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج کراچی میں کھیلا جائے گا ۔ پاکستان وقت کے مطابق یہ میچ دوپہر 2بجکر 30منٹ پر کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس اور اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز آج سے کراچی میں ہو گا ، تینوں ہی میچز نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جہاں پر پہلے کھیلے گئے 2 ٹیسٹ میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔
محدود اوورز کے فارمیٹس میں گرین شرٹس کی گذشتہ کچھ عرصے سے پرفارمنس بہتر ہی رہی ہے، انھوں نے گذشتہ برس کھیلے گئے 9 ون ڈے میچز میں سے 8 میں کامیابی حاصل کی ہے، اب کپتان بابر اعظم ہوم سیریز میں بھی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔
قومی کپتان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے وائٹ بال کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے،ہم نئے سال میں اس کا تسلسل برقرار رکھنا چاہتے ہیں، ہماری کوشش ہو گی کہ مثبت کرکٹ کھیلیں، ون ڈے کرکٹ ٹیسٹ کے مقابلے میں مختلف طرز کی کرکٹ ہے، پاکستان ٹیم میں نئے چہرے سامنے آئے ہیں، نئے کھلاڑی بہت پرجوش ہیں، طیب طاہر اور کامران غلام نے اچھی پرفارمنس دیں۔
انجرڈ شاداب خان کی عدم موجودگی میں سیریز کیلیے نائب کپتان مقرر ہونے والے شان مسعود کے میچ کھیلنے کا فیصلہ آخری لمحات میں ہوگا۔حارث رؤف، نسیم شاہ، محمد حسنین اور شاہنواز دہانی کی واپسی سے ہماری بولنگ مضبوط ہوگئی ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف بہترین کھلاڑیوں کو موقع دیں گے۔
پاکستانی اسکواڈ میں فخرزمان کی شمولیت سے ٹاپ آرڈر مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے، حارث سہیل کی 2 برس بعد واپسی ہوئی ہے۔
نیوزی لینڈ کا باہمی ون ڈے میچز میں پاکستان پر پلڑہ بھاری ہے، وہ گذشتہ 15 میں سے 12 ایک روزہ میچز میں گرین شرٹس کو مات دے چکے ہیں، گذشتہ ورلڈ کپ میں رنر اپ رہنے والے کیویز اس وقت سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست اور اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہے۔
اس سیریز میں نیوزی لینڈ کو بھی اپنے کئی اہم پلیئرز کی مختلف وجوہات کی بنا پر خدمات میسر نہیں ہیں، فاسٹ بولر میٹ ہینری دوسرے ٹیسٹ کے آخری روز پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے تھے، ٹرینٹ بولٹ، کائیل جیمیسن اور ایڈم ملن بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More