قوم کی آزادی اور سلامتی اپنے بہادرجانبازوں کی قربانیوں کی مرہون منت ہے،آرمی چیف

راولپنڈی (پاک ترک نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شہداء اور غازیوں کو قومی ہیرو قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قوم کی آزادی اور سلامتی اپنے بہادرجانبازوں کی قربانیوں کی مرہون منت ہے، مادر وطن کیلئے جان قربان کرنے سے بڑھ کر کوئی عظیم شے نہیں ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی(جی ایچ کیو) میں میں فوجی اعزازت دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آپریشنز کے دوران بہادری کا مظاہرہ کرنے اور قوم کے لیے شاندار خدمات پر فوجی جوانوں اور افسران کو فوجی اعزاز ات سے نوازا۔
تقریب میں آرمی کے اعلی افسران اور ایوارڈ یافتہ افراد کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ افسران اور جوانوں کو ستارہ امتیاز (ملٹری)اور تمغہ بسالت سمیت دگیر تمغوں سے نوازا گیا۔ شہدا کے تمغے ان کے اہل خانہ نے وصول کئے۔
آرمی چیف نے واضح کیا کہ ہمارے شہدا درحقیقت قوم کے لیے امید اور استقامت کی ایک کرن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی آزادی اور سلامتی ہمارے بہادر جانبازوں کی قربانیوں کی مرہون منت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا اور غازیوں کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سپہ سالار نے کہا کہ شہدا اور غازی ہمارے قومی ہیرو ہیں، شہدا کی قربانیاں انتہائی لگن اور قربانی کے جذبے کے ساتھ لڑنے کے ہمار ے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کے لیے جان دینے سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں۔ آرمی چیف نے شہدا کے بہادر خاندانوں کو ان کے بلند حوصلوں اور ان کی طرف سے دی گئی قربانیوں کی بھی تعریف کی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More