حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرا دیا ، قیمتوں میں تقریباً 20روپے کا بڑا اضافہ

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) حکومت نے مہنگائی کی ستائی عوام پر پٹرول بم گرا دیا ۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً بیس روپے کا بڑا اضافہ کردیا ۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ویڈیو پیغام کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 95 پیسے ہوگئی ہے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔ہائی سپیڈ ڈیزل 19 روپے 90 پیسے مہنگا کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 273 روپے 40 پیسے ہو گئی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور اوگرا کے ساتھ تیل کی قیمتوں کے بارے میں مشاورت ہوئی لہٰذا ملکی مفاد سامنے رکھتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے البتہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ عوام کے لیے جو بہتر ہوسکتا ہے وہ کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم آئی ایم ایف کے پروگرام میں ہیں اور سب کو پتا ہے کہ سٹینڈ بائی معاہدہ ہوا ہے، ماضی میں بھی یہی مسئلہ ہوا کہ حکومت نے جاتے ہوئے معاہدوں کو پورا نہ کیا اس لیے ہماری آئی ایم ایف کے ساتھ پیٹرولیم لیوی سے متعلق کمٹمنٹ ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More