اسلام آباد (پاک ترک نیوز)احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت16 مارچ تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔
جج ناصرجاوید رانانے اڈیالہ جیل میں سماعت کی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر، بیرسٹر علی ظفر، عثمان گل اور ظہیر عباس چودھری بھی عدالت میں پیش ہوئے ، بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی کمرہ عدالت میں موجود رہیں۔
جیل حکام نے صرف 6 وکلا کو اندر جانے کی اجازت دی اور صرف 6 صحافیوں کو کارروائی کی کوریج کی اجازت ملی، دوران سماعت جیل کے اطراف کی سکیورٹی بھی ہائی الرٹ رہی۔
استغاثہ کے مزید 3گواہان بھی پیش ہوئے، عدالت نے تینوں گواہان کی شہادت قلمبند کرتے ہوئے سماعت16 مارچ تک کیلئے ملتوی کردی۔
یاد رہے گزشتہ سماعت پر عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں اشتہاری 6 ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے تھے، نیب نے 6 اشتہاری ملزمان کے اثاثوں کی تفصیلات عدالت میں جمع کرادیں، عدالت نے ملزمان کے ملکیتی اثاثے منجمد کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔