آئی ایم ایف پاکستان کو 3ارب ڈالر دینے سے متعلق فیصلہ آج کرے گا

نیویارک (پاک ترک نیوز)
عالمی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کااہم اجلاس آج منعقد ہورہا ہے۔ اس اجلاس میں پاکستان سے متعلق ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے سٹینڈ بائی ایگریمنٹ کی منظوری دی جائے گی۔
عالمی مالیاتی فنڈ کے سینئر ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ادارے کی تمام شرائط کو پورا کئے جانے کے بعد اب نو ماہ کی مدت پر مشتمل معاہدے کی حتمی منظوری ایک رسمی کاروائی ہے۔ جس کے بعد ایک ہفتے کے اندر پاکستان کو قرض کی پہلی 1.1ارب ڈالر کی قسط ادا کر دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے قبل پاکستان نے ایک اور شرط پوری کردی ہے۔جس کے نتیجے میں پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان ایکسٹرنل فنانسنگ کا معاملہ بھی طے پا گیا ہے۔اور اسی طرح پاکستان نے فنڈ کو فنانسنگ گیپ پلان بھی فراہم کر دیا ہے۔جس کے ایک حصے کے طور پر سعودی عرب نے دو ارب ڈالر سٹیٹ بنک آف پاکستان کو فراہم کر دئیے ہیں،جبکہ پاکستان کی جانب سے توقع ظاہر کی گئی ہے کہ چین کی جانب سے 3.5ارب ڈالر بھی جلد ہی مل جائیں گے۔ چنانچہ اس صورتحال نےایگزیکٹو بورڈ کے کام کو مزید آسان کر دیا ہے جس نے اپنے آج کے اجلاس میں پاکستان کے ساتھ سٹینڈ بائی ایگریمنٹ اورفنانسنگ گیپ پلان پرغورکرناہے۔
دریں اثنا پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پاکستان کو سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرمل چکے ہیں۔جبکہ چین سے3.5ارب ڈالراورمتحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالرکی فنانسنگ ایک ہفتے میں ملنے کا امکان ہے۔اسکے علاوہ اسلامی ترقیاتی بنک ، ایشیائی ترقیاتی بینک اورعالمی بینک سے 50،50کروڑ ڈالر حاصل کرنے کا پلان ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More