اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اہم اجلاس جاری ہے ۔وفاقی کابینہ نے پنجاب انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے کے بجائے یہ معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کی صدارت شہباز شریف نے لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، عطا اللہ تارڑ، ملک احمد خان سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی جبکہ قانونی مشاورت اور سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔
عدالتی اصلاحات بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظور کرانے پر بھی غور و خوض کیا گیا۔
الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لیے فنڈز دینے کے سپریم کورٹ کے حکم کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ شرکا نے الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے کا معاملہ پارلیمنٹ میں لے جانے کا فیصلہ کیا اور طے کیا کہ اس معاملے پر پارلیمنٹ سے رائے لی جائے گی۔
گزشتہ روز بھی وفاقی کابینہ کا اجلاس دو گھنٹے تک جاری رہا جس میں الیکشن کمیشن کو رقم دینے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔