اسرائیلی فوج نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 126نہتے فلسطینیوں کو شہیدکردیا

غزہ(پاک ترک نیوز) غزہ پر اسرائیلی فوج کی بربریت جاری ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صیہونی افواج کے حملوں میں مزید 126نہتے فلسطینی شہید ہوگئے ۔

صیہونی فوج کے وسطی اور جنوبی غزہ پر شدید حملے جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قابض فورسز کی کارروائیوں میں مزید 126 فلسطینی شہری شہید اور 241 زخمی ہو گئے ہیں۔
مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج وحشیانہ وار جاری ہیں، فائرنگ کے نتیجے میں 4 نوجوانوں کو قتل کرنے کے بعد ان پر گاڑیاں چڑھا دیں، اس کے علاوہ طول کرم میں اسرائیلی ڈرون حملے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔
عالمی عدالتِ انصاف اسرائیل کیخلاف غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے مقدمے پر کل سے سماعت شروع کرے گی، درخواست جنوبی افریقا نے دائر کر رکھی ہے۔
جنوبی افریقا نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ غزہ میں حملوں کے ذریعے اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، درخواست میں غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی آپریشن کو ہنگامی طور پر معطل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
جنوبی افریقا نے 84 صفحات پر مشتمل درخواست میں کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کو قتل کر رہا ہے، انہیں ذہنی اور جسمانی طور پر تباہ کرنے والے حالات پیدا کر کے نسل کشی کا ارتکاب کر رہا ہے۔
مشرقِ وسطیٰ کا دورہ کرنے والے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی جس میں نیتن یاہو پر غزہ میں شہریوں کا جانی نقصان کم کرنے، خطے میں پائیدار امن اور فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں فلسطینی شہداء کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، شہید ہونے والے میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More