حج و عمرہ سمیت سعودی عرب کے سفر میں مکمل معاونت فراہم کرنے والی نسک ایپ نے پاکستان میں کام شروع کر دیا
کراچی (پاک ترک نیوز)
سعودی ٹورازم اتھارٹی نے پاکستان میں سفری منصوبہ بندی اور بکنگ کی ایپ نُسُک کا آغاز کردیا ہے۔ اسلام آباد اور ریاض کے درمیان پروازوں کی تعداد بڑھانے اور سیاحت کو فروغ دینے کے معاہدے پر دستخط ہونے کے ایک دن بعد اب اس ایپ نے بھی کام شروع کر دیا ہے۔
نُسُک سعودی عرب کا پہلا باضابطہ پلیٹ فارم ہے جو مکہ، مدینہ اور اس سے باہر کے لیے حج یا عمرہ کے سفر کے پروگرام کی تیاری میں مکمل رہنمائی اور سہولت فراہم کرتا ہے ۔ ای ویزا کے لیے درخواست دینے سے لے کر ہوٹلوں اور پروازوں کی بکنگ تک دنیا بھر کے مسافر نُسُک کی مدد سے سعودی عرب کے پورے دورے کو بآسانی منظم کر سکتے ہیں۔
پاکستان میںاس پلیٹ فارم کا آغاز پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی وزیرِ حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہنے گذشتہ روز کراچی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)کے زیر اہتمام ایک تقریب کے دوران کیا۔اس موقع پر سعودی وفد میں شامل حج و عمرہ، سیاحت اور بین الاقوامی تعاون کے نائب وزراء، سعودی ایئر لائنز کے صدر، سول ایوی ایشن کی جنرل اتھارٹی، اور سعودی ایوی ایشن کے نمائندوں سمیت پاکستان کی کاروباری برادری کے نمائندوں، حج و عمرہ ٹور آپریٹرزاور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
سعودی ٹورازم اتھارٹی کے مطابق مملکت کے مستقبل کے لیے ترقی کا ایک اہم محرک سیاحت کی ترقی ہے اور ملک کی معیشت کو متنوع بنانے اور تیل پر انحصار کو کم کرنے کے لیے ویژن 2030 کے منصوبے کے مرکزی ستونوںمیں سے ایک ہے۔سیاحت کے شعبے کی ترقی میں مدد کے لیے وزارتِ سیاحت، سعودی ٹورازم اتھارٹی اور ٹورازم ڈویلپمنٹ فنڈ بہترین بین الاقوامی طریقوں کے مطابق قائم کیے گئے تھے۔
نُسُک ایپ کا اجراء پاکستان اور سعودی عرب کی جانب سے پیر کو دونوں ممالک کے درمیان پروازوں کی تعداد بڑھانے کے معاہدے پر دستخط کے فوراً بعد عمل میں آیاہے۔ اس حوالے سے سعودی وزیر حج و عمرہ نے ہے کہ اس معاہدے سے سفری اخراجات کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔