انگلینڈ(پاک ترک نیوز ) نو منتخب برطانوی وزیراعظم سر کیئر سٹارمر نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے غزہ اور لبنان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
نومنتخب برطانوی وزیراعظم نے اسرائیلی وزیراعظم اور فلسطینی صدر کو ٹیلی فون کیا، برطانوی وزیراعظم نے نیتن یاہو سے غزہ اور لبنان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
نو منتخب برطانوی وزیراعظم کے ترجمان کے مطابق کیر سٹارمر نے اس موقع پر غزہ میں فوری جنگ بندی پر بھی زور دیا اور انسانی بنیادوں پر غزہ میں جنگ زدہ لوگوں تک امداد کی رسائی کو تیز کرنے کے لیے کہا۔
وزیراعظم کیر سٹارمر نے نیتن یاہو سے مسئلے کے مستقل اور طویل مدتی حل کے لیے دو ریاستی حل کی طرف بھی توجہ دلائی، نیز فلسطینی اتھارٹی کو مالیاتی وسائل کی فراہمی پر زور دیا تاکہ وہ اپنے انتظامی امور کو چلا سکیں۔
برطانوی وزیراعظم کے ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے بھی فون پر بات کی اور انہیں کہا کہ وہ اپنی امن کی خواہش پر مبنی پالیسی کے ساتھ ہیں اور فلسطینیوں کے ناقال تردید حقوق کے اپنے مؤقف پر بھی قائم ہیں۔
واضح رہے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے لیے قطر، امریکہ اور مصری مذاکرات کار کوشش اور رابطے میں ہیں اور امید کر رہے ہیں کہ غزہ میں جاری بدترین جنگ میں رکاوٹ پیدا ہو سکے گی۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبرسے اب تک غزہ کی اس جنگ میں اسرائیلی بمباری سے 38ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔