نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کیلئے پارٹی عہدیداروں کو ٹاسک مل گیا

لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن نے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے وطن واپسی پر استقبال کیلئے ڈویژنل اور ضلعی عہدیداران کو زیادہ سے زیادہ کارکنان لانے کا ٹاسک دے دیا۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے پنجاب، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا ویمن ونگ کی کوآرڈینیشن کمیٹیاں تشکیل دیدیں۔مسلم لیگ ن کی قیادت کو نواز شریف کے استقبال کے لئے 10 لاکھ کارکنان کی آمد کی امید ہے۔
پنجاب کے علاوہ اسلام آباد، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا خواتین ونگ کی بھی کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں، چیف آرگنائزر مریم نواز نے استقبالیہ کے لئے کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
راولپنڈی ڈویژن کے ذمہ دار خواجہ سعد رفیق ہوں گے، گوجرانوالہ کے ملک احمد خان، سرگودھا کی احسن اقبال اور فیصل آباد کی کمیٹی کی سربراہی خرم دستگیر کریں گے، ساہیوال ڈویژن کی کمیٹی کے میاں جاوید لطیف، ملتان کے اویس لغاری، بہاولپور کے سردار ایاز صادق سربراہ ہوں گے۔
ڈیرہ غازی خان کے طلال چودھری اور لاہور ڈویژن کی کمیٹیوں کے سعود مجید ذمہ دار ہوں گے، 9 ڈویژنز کی زیر سرپرستی پنجاب کے 36 اضلاع کے عہدیداران کی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔
عطا تارڑ کو ضلع راولپنڈی، مصدق ملک کو اٹک اور حنیف عباسی کو چکوال کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، صبا صادق جہلم، گجرات کے شیخ آفتاب سربراہ مقرر کیے گئے ہیں، ڈاکٹر طارق فضل چودھری سرگودھا، چودھری تنویر اوکاڑہ کمیٹیوں کے سربراہ ہوں گے۔
30 ستمبر کو تمام کمیٹیاں پارٹی قائد نواز شریف کے استقبال کی تیاریوں سے متعلق اپنی رپورٹس چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کو پیش کریں گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More