اسلام آباد(پاک ترک نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ باجوڑ حملہ انٹیلیجنس کی ناکامی ہے۔باجوڑ جیسے حملے سے جے یو آئی کا راستہ نہیں روکا جا سکتا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان میں 26 انٹیلیجنس ادارے ہیں وہ کہاں غائب ہیں۔ باجوڑ حملہ ایک بڑی انٹیلیجنس ناکامی ہے۔ پوری قوم ریاستی اداروں کی طرف دیکھ رہی ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ باجوڑ جیسے واقعات کے ذریعے جے یو آئی (ف) کا عوام سے رابطہ توڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس نوعیت کے اقدامات سے نہ تو پہلے ان کی پارٹی کا راستہ روکا جا سکا ہے اور نہ ہی یہ آج ممکن ہو گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کیا یہ مجھے اعتماد دلا سکتے ہیں کہ ریاست میری جان کی حفاظت کرسکتی ہے یا نہیں؟ ریاست کیا صرف ٹیکس وصول کرے گی اورجان اور مال کی حفاظت نہیں کرے گی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن پر خودکش حملے میں 56افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔